پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، امریکہ اور ایران جنگ بندی کے بعد پاکستان کی میزبانی میں دونوں ملکوں کے مذاکرات آج اور کل اسلام آباد میں ہوں گے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات آج اور اہم مرکزی مرحلہ ہفتے کو ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، محسن نقوی نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے۔

"جنگل کا قانون" کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کی ثالثی پر بھارت کو خوشی منانی چاہیے : ششی تھرور۔ نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر بھارتی سیاستدان اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور نے کہا ہے کہ "جنگل کا قانون" کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کی اس ثالثی پر بھارت کو خوشی منانی چاہیے جس کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، کیونکہ بھارت بھی امن کا خواہاں ہے، دنیا میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور بھارت کو محض تماشائی بن کر نہیں بیٹھنا چاہیے۔

"جیو نیوز" کے مطابق ایک انٹرویو میں ششی تھرور کا کہنا تھا کہ جب پاکستان وہ کام کر رہا ہے جو ہمارے مطلوبہ امن کے لیے ہے، تو ہمیں اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے، بھارتی حکومت نے بھی امن کا خیرمقدم کیا جو ایک درست اور سمجھدار رویہ ہے۔ امریکہ، ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان تقریباً 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے، اس لیے کسی بھی علاقائی جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ سکتے ہیں، اس لیے پاکستان کا اس تنازع کو ختم کرنے میں دلچسپی لینا فطری ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کے اس کردار کو سراہا جا رہا ہے۔