کراچی ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کے سامان سے 50 ہزار درہم برآمد، فرار کی کوشش ناکام
کراچی ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کے سامان سے بھاری مالیت میں غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے، ملزمہ فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر پروفائلنگ کے دوران خاتون مسافر کے دستی سامان کو مشکوک قرار دے کر فوری اسکریننگ کی گئی،
تلاشی کے دوران خلیجی ریاست جانے والی خاتون مسافر کے ہینڈ کیری بیگ سے 50 ہزار درہم برآمد ہوئے۔ جنہیں فوری طور پر ضبط کرلیا گیا۔
مقررہ حد سے زائد رقم برآمد ہونے پر خاتون مسافر نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے خاتون مسافر کو ائیرپورٹ پارکنگ ایریا سے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی کرنسی ضبط کرکے خاتون کو ابتدائی تفتیش کے بعد کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، ملزمہ سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
