لاہور میں بڑے ڈیفالٹرز کے خلاف 10 اپریل کے بعد سخت کارروائیاں ہوں گی، 31 ہزار کمرشل پراپرٹیز سربمہر کرنے کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ایکسائز احمد سعید کے مطابق کمرشل پراپرٹیز مالکان کو حتمی نوٹسز دینے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔

تمام انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کو 10 اپریل کے بعد تمام ڈیفالٹرز پراپرٹیز کو سربمہر کرنے کا حکم دے دیا ہے، ڈیفالٹرز کے ذمہ 50 کروڑ سے زائد کے واجبات ادا نہیں کیے گئے۔ کمرشل پراپرٹیز کو سربمہر جبکہ رہائشی پراپرٹی ٹیکس ڈیفالٹرز کو بھی قرقی کے نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر ایکسائز احمد سعید کے مطابق ریجن بی نے رواں مالی سال کے 9 ماہ میں 7 ارب کا پراپرٹی ٹیکس وصول کیا ہے، پنجاب بھر کے پراپرٹی ٹیکس 33 ارب کے ہدف میں ریجن بی نے 9 ارب کی وصولی کرنی ہے۔ پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں اب تک 22 ارب سے زائد کی وصولی کر لی ہے۔

ہدف حاصل نہ کرنے والے انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کو بھی سیٹوں سے ہٹا دیا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز نے واضح کر دیا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور تمام ڈیفالٹرز کو ان کے واجبات ادا کرنے ہوں گے۔

شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنے پراپرٹی ٹیکس ادا کریں ورنہ ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ ایکسائز نے ٹیکس وصولی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔