پاکستان ریلویز میں صحافیوں کو دی جانے والی سفری رعایت بحال کر دی گئی۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر صحافیوں کے ریلوے کارڈ میں سفری سہولت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صحافی اور اہلیہ کو جرنلسٹ کارڈ پر سفر میں رعایتی سہولت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔ ریلوے ٹکٹ میں 50 فیصد صحافی اور اہلیہ کو رعایت دی جائے گی۔

لاہور میں صحافیوں کے وفد نے وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات میں سہولت بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے صحافی برادری کے اس مطالبے کو سنجیدگی سے سنا اور فوری اقدامات کرتے ہوئے رعایت بحال کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہیں، ذمہ دار صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے۔ ریلوے صحافی برادری کے ساتھ مضبوط رابطہ برقرار رکھے گا۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ صحافیوں کی سفری سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور مستقبل میں بھی صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ریلوے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ صحافیوں کے وفد نے وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔