اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات خطے کے امن اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے، پاکستان لبنان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں فریقین نے لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں عارضی جنگ بندی کے مکمل نفاذ کی اہمیت پر زور دیا گیا، یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے پاکستان کی امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششوں میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تشویش ظاہر کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی کے مکمل احترام اور عمل درآمد پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان بھر میں بڑے پیمانے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین سے فوری طور پر کارروائیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں فوجی سرگرمیاں جنگ بندی اور خطے میں پائیدار اور جامع امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔