بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کے حالیہ حملوں میں لبنان کے 254 افراد شہید ہوگئے جس کے پیش نظر لبنان کے حکام نے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق یوم سوگ کی مناسبت سے ملک کے تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے جبکہ قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود لبنان پر شدید حملے جاری ہیں۔

لبنان سول ڈیفنس کے مطابق ایک روز میں ملک بھر میں اسرائیلی حملوں میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ حملوں کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ عوام سے خون کے عطیات دینے کی بھی اپیل کی گئی۔

بین الاقوامی اداروں نے اسرائیلی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی صورتحال پر قریب سے نظر رکھی ہوئی ہے اور شہریوں کے تحفظ پر زور دیا ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ طبی سہولیات پر شدید دباؤ ہے اور عالمی اداروں سے طبی امداد کی درخواست کی گئی ہے۔