گوجرخان میں خواتین کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم اسپتال کے باتھ روم میں خفیہ طور پر خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز بناتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم عقیل عباس ٹی ایچ کیو اسپتال کے باتھ روم میں خفیہ طور پر خواتین کی نامناسب حالت میں ویڈیوز اور تصاویر بناتا تھا۔ ملزم کے موبائل فون سے 300 سے زائد نازیبا ویڈیوز اور تصاویر برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار اہلکار کی تعیناتی لاہور میں ٹریننگ ونگ ہیڈ کوارٹر میں تھی، تاہم وہ گوجرخان میں موجود اسپتال میں اس قبیح عمل میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا وہ اکیلے اس جرم میں ملوث تھا یا اس کے دیگر ساتھی بھی ہیں۔

پولیس نے متاثرہ خواتین کی شناخت کے لیے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کہوٹہ اور کوئٹہ میں اس نوعیت کے واقعات سامنے آ چکے ہیں جہاں سرکاری اسپتالوں میں خواتین کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے ملزمان گرفتار کیے گئے تھے۔