پنجاب حکومت کی میت منتقلی سروس کا آغاز، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں بلامعاوضہ میت گھر منتقل کی جائے گی
ذرائع کے مطابق میت منتقلی سروس کے پہلے فیز میں لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں سے تکریم کے ساتھ میت بلامعاوضہ گھر منتقل کی جائے گی، تاہم جون تک میت منتقلی سروس کا دائرہ کار بتدریج پنجاب کی ہر تحصیل تک شروع کر دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہر تحصیل میں "Deceased Care Service" میت منتقلی کے لیے مخصوص ایمبولینس مہیا کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں، میت منتقلی سروس گاڑیوں کا معائنہ کیا، جبکہ منتقلی سروس کے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے اور رضائے الٰہی کے تحت فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مریض کے انتقال کی صورت میں سوگوار خاندان کو دلاسہ اور معاونت فراہم کرنا بھی اس سروس کا حصہ ہو گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں میں میت کی منتقلی پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے اور ریسکیو اہلکار اگر کوئی ذاتی طور پر پیسے دینے کی کوشش کرے تو اسے قبول نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ سخدمت مکمل طور پر مفت ہوگی اور کسی بھی سوگوار خاندان سے کوئی چارج نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے ریسکیو عملے کو ہدایت کی کہ وہ میت کی منتقلی کے دوران مکمل احترام اور شرعی اصولوں کا خیال رکھیں۔ یہ سہولت عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگی۔
