81 لاکھ سے زائد سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر فعال، نادرا نے شہریوں کو فوری تجدید کی ہدایت کر دی
ملک میں 81 لاکھ سے زائد سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نادرا نے شہریوں کو اپنے شناختی کارڈز کی فوری تجدید کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق متوفی افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں۔ شہری متوفی رشتہ داروں کے نام پر موجود سمز اپنے نام پر منتقل کروائیں۔ جون کے بعد تاخیر سے تجدید پر اضافی فیس اور جرمانے کا امکان ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے قبل بروقت تجدید کرائیں۔ میعاد ختم ہونے پر بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔
ایسے شہری سرکاری و فلاحی پروگراموں سے محروم ہو سکتے ہیں۔ تاخیر سے تجدید پر جرمانہ ممکن ہے، تاہم نادرا فی الحال اس کا اطلاق نہیں کرتا۔ نادرا کے مطابق جلد ہی تاخیر پر جرمانے کی مد متعارف کرائی جا سکتی ہے جس کے بعد شہریوں کو اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔
نادرا ریکارڈ کے مطابق کروڑوں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی میعاد ختم ہے۔ نادرا کی جانب سے شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے تجدید کی یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔ شہری اپنے قریب ترین نادرا رجسٹریشن سنٹر میں جا کر یا آن لائن سہولت کے ذریعے شناختی کارڈز کی تجدید کرا سکتے ہیں۔
