پنجاب کے شہری شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات کی گمشدگی رپورٹ کا گھر بیٹھے اندراج کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس پاکستان ایپ کا افتتاح کر دیا۔

پنجاب پولیس پاکستان ایپ کے ذریعے صوبے بھر کے شہری گھر بیٹھے ایپ کے ذریعے قیمتی دستاویزات کی گمشدگی رپورٹ درج کر سکیں گے۔ اس جدید سہولت کا مقصد عوام کو پولیس سٹیشنوں کے چکر لگانے سے نجات دلانا ہے۔

ضروری دستاویزات گم ہونے پر پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ شہری صرف موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنی شناخت رجسٹر کروائیں اور گمشدہ دستاویزات کی تفصیلات فراہم کریں۔

پنجاب پولیس پاکستان ایپ پر اندراج کے بعد گمشدگی رپورٹ بھی گھر پر ہی موصول ہو گی۔ یہ رپورٹ قانونی مقاصد کے لیے مکمل طور پر قابل قبول ہوگی اور شہری اسے شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بنوانے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی سہولت ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پولیس کے نظام کو جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ ایپ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں فوری طور پر فعال کر دی گئی ہے۔