لاہور میں عاشورہ محرم کے جلوسوں کے لیے 2500 پولیس اہلکار، سنائپرز اور چار درجاتی سکیورٹی حصار تعینات، موبائل سروس نہیں بند کی جائے گی
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم کے جلوسوں کے لیے سکیورٹی کے بہترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جلوس کے روٹ پر تقریباً 2500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر سنائپرز بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق جلوس کے روٹ پر چار درجاتی سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر موبائل فون سروس بند نہیں کی جائے گی اور شہری معمول کے مطابق موبائل سروس استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ محرم الحرام کے اجتماعات پرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
سی سی پی او نے مزید کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی تعیناتی کی گئی ہے اور تمام انتظامات کو ڈیجیٹل طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس عزاداروں کی سہولت اور حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
