تھیلیسیمیا سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ پولیس ملازمین کے بچوں کی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے اور نگہداشت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

متاثرہ بچوں کو خون کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے لاہور سمیت صوبے بھر میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق "ہمارے پھول" پراجیکٹ کے تحت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو طبی اخراجات کے لیے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

اس وقت صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کے رجسٹرڈ 172 بچوں کو فی کس 30 ہزار روپے ماہانہ باقاعدگی سے ادا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے ایک کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ مختلف ہسپتالوں اور فلاحی اداروں کے اشتراک سے علاج و معالجے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی مدد اور فلاح کے لیے پنجاب پولیس اپنا بھرپور کردار آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خاندان کے افراد کی مصیبت میں شرکت اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے اس اقدام کو سول سوسائٹی اور فلاحی اداروں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون عطیہ کریں اور اس مہلک بیماری کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں۔