
نوشہرو فیروز میں ٹریلر اور کار ٹکراؤ، 7 افراد جاں بحق
نوشہرو فیروز میں تیز رفتار ٹریلر نے کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا کہ افسوس ناک واقعہ نوشہرو فیروز میں قومی شاہراہ پر سدھوجا کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹریلر کار سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں 2 بچے، 2 مرد اور 3 خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق کار میں سوار فیملی کا تعلق ضلع خیرپور سے ہے، جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو حادثے کا شکار کار سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کا فاتح بنا، افغانستان کو 75 رنز سے شکست
پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کا فاتح بن گیا، افغانستان کو 75 رنز سے شکست دی۔ فغان ٹیم کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، کپتان راشد خان 17 اور صدیق اللہ اتل 13 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔
اوپنر بلے باز فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور کپتان سلمان علی آغا 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 17، حسن نواز اور فہیم اشرف 15،15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔
آؤٹ آف فارم محمد حارث ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 2 رنز بناکر نور احمد کا شکار بنے جب کہ صاحب زادہ فرحان کھاتہ بھی کھول نہ سکے۔
افغانستان کے اسپنر نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں، کپتان راشد خان نے 3، نور احمد نے 2 جب کہ اے ایم غضنفر نے ایک وکٹ اپنے نام کی، جب کہ فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی نے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سہ فریقی سیریز میں شاندار فتح پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسپنر محمد نواز کی شاندار باؤلنگ نے میچ کا پانسہ پلٹا، محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور جارحانہ آل راؤنڈ کارکردگی نے سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کم اسکور ہونے کے باوجود ٹیم ورک کا مظاہرہ کر کے فائنل میں افغانستان کی ٹیم کو شکست دی، بہترین کارکردگی پر ہیڈکوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان آغا اور تمام کھلاڑی مبارک باد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا، اُمید ہے پاکستانی ٹیم ایشیا کپ 2025 میں بھی ایسی ہی عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔