
سکھر: شوہر نے بیوی کو مگرمچھ کے جبڑے سے نکال کر زندگی بچالی
سکھر میں صالح پٹ کے مقام پر کینال کنارے خاتون پر مگرمچھ نے حملہ کر دیا۔ مگرمچھ بیوی کو کھینچ کر لے جارہا تھا جب شوہر حب علی نے اپنی مدد آپ کے تحت اس کے جبڑے سے اہلیہ کو نکال لیا۔
پولیس کے مطابق مگرمچھ نے خاتون کی ٹانگ بُری طرح چبا ڈالی تھی، جس پر انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی امداد کے بعد خاتون کو گھر روانہ کردیا گیا ہے۔
یہ واقعہ گزشتہ ماہ امریکا میں پیش آئے ایک واقعے کی یاد دلاتا ہے جہاں ایک 15 سالہ لڑکی سمر ہینوٹ اپنی حاضر دماغی سے 10 فٹ لمبے مگرمچھ کے حملے سے بچ گئی تھی۔ لڑکی نے مگرمچھ کے سر پر مکے مار کر خود کو چھڑایا تھا۔

بلوچستان غیرت قتل کیس: سردار شیرباز ساتکزئی کی ضمانت کی درخواست دائر
کوئٹہ میں ڈیگاری کے مقام پر غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے قتل کا حکم دینے کے الزام میں گرفتار قبائلی سردار شیر باز خان ساتکزئی نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں دائر کی گئی، جس پر سماعت 11 اگست کو ہوگی۔ یاد رہے کہ 19 جولائی کو بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کو قتل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے اور انہیں دعوت کے بہانے بلا کر جرگے کے فیصلے کے بعد قتل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کے نوٹس پر پولیس نے مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔