
وزیر تعلیم نے اسکولوں کی چھٹیوں میں یکم ستمبر تک توسیع کی وجہ بتادی
حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں اسکولوں کی چھٹیوں میں یکم ستمبر تک توسیع کردی ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان نے اس فیصلے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم گرمی کی لہر کے پیش نظر بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات نے اعتراف کیا کہ چھٹیوں میں اضافے سے بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوگا، تاہم ان کے مطابق بچوں کی صحت کو ترجیح دینا زیادہ ضروری ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ دیگر صوبوں اور اسلام آباد میں تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں۔

ایم ڈی کیٹ امتحان: پیپر اور فیس کے حوالے سے اہم خبر آگئی
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2025 کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق امتحان 5 اکتوبر 2025 کو ہوگا۔ یہ ٹیسٹ انگریزی زبان میں کاغذی شکل میں لیا جائے گا اور اس میں 180 ایم سی کیوز ہوں گے، جبکہ منفی مارکنگ نہیں ہوگی۔
پی ایم ڈی سی نے فیس میں 80 فیصد اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فیس میں صرف ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی فیس 9 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ یہ اضافہ امتحانی اخراجات اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
امتحان کے لیے رجسٹریشن کا عمل 8 اگست سے 25 اگست 2025 تک جاری رہے گا، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 1 ستمبر 2025 ہے۔