لاہور سمیت پنجاب بھر میں صارف عدالتیں ختم کر دی گئی ہیں اور ان کے اختیارات سیشن ججز اور ایڈیشنل سیشن ججز کو تفویض کر دیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن پرانی صارف عدالتوں کے خاتمے کے بعد نئے نظام کے نفاذ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت ہر ضلع کے سیشن جج کو صارف عدالتوں کا انتظامی جج نامزد کیا گیا ہے، جو نئے کیسز عدالتوں کو سونپنے کے مجاز ہوں گے۔

صارف عدالتوں میں زیر التواء پرانے کیسز کا اختیار بھی ضلعی و سیشن جج کو دے دیا گیا ہے اور وہ ان مقدمات کو ایک یا زائد ججوں کو تفویض کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ کنزیومر پروٹیکشن ترمیمی ایکٹ، 2025 کے نفاذ کے بعد کیا گیا ہے، جس کے تحت ججز کی خدمات پنجاب حکومت سے واپس لے لی گئی ہیں۔ اب صارفین اپنے مسائل کے حل کے لیے براہِ راست سیشن جج یا ان کے مقرر کردہ ایڈیشنل جج سے رجوع کر سکتے ہیں۔