
پنجاب بار کونسل انتخابات: احسن بھون گروپ کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب
پنجاب بار کونسل کے اہم عہدوں کے لیے انتخابات میں احسن بھون گروپ کے حمایت یافتہ وکلاء بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ محمد اشفاق کہوٹ بلامقابلہ وائس چیئرمین اور ذبیع اللہ ناگرہ بلامقابلہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل منتخب ہوگئے۔
نو منتخب وائس چیئرمین محمد اشفاق کہوٹ کا تعلق چکوال سے ہے جبکہ نو منتخب چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیع اللہ ناگرہ کا تعلق لاہور سے ہے۔ نئے عہدیداروں کا انتخاب جنرل ہاؤس اجلاس میں عمل میں لایا گیا، جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے ممبران پنجاب بار کونسل نے شرکت کی۔ عرفان صادق تارڑ کی بطور وائس چیئرمین مدت پوری ہونے پر یہ انتخابات کروائے گئے۔
اجلاس میں شریک ممبران نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نیا ہنی ٹریپ سکینڈل: دو خواتین سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش
ایک نیا ہنی ٹریپ اسکینڈل سامنے آیا ہے جس میں ملوث دو خواتین سمیت چار ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان نے عدالت کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
عدالت نے ملزمان روبینہ، عائشہ، عمیر اور ندیم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مدعی وقار خان کو فون کر کے گھر بلایا، یرغمال بنایا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
ملزمان نے مدعی سے پانچ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور 80 ہزار روپے جیز کیش کے ذریعے وصول کیے۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے مزید رقم اور موبائل فون برآمد کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے۔