پنجاب حکومت نے "گھر گھر بائیو میٹرک سروے" پروگرام کے تحت ایک ارب روپے کی مالیت سے 10 ہزار بائیو میٹرک ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق، پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) ان اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی خریداری کر رہا ہے جس کے لیے جلد کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا جائے گا۔ اس سروے کا بنیادی مقصد مستحق افراد کی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے نشاندہی اور تصدیق کرنا ہے تاکہ عوام کے سماجی و معاشی ڈیٹا کا درست اندراج یقینی بنایا جا سکے۔

یہ سروے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد مستحق خاندانوں کو حکومتی فلاحی اسکیموں کے تحت سبسڈی فراہم کرنا ہے۔ فیلڈ ٹیمیں ان ٹیبلٹس کا استعمال کرتے ہوئے گھر گھر جا کر خاندانوں کا تصدیق شدہ ڈیٹا جمع کریں گی، جس سے مستحق افراد کی درست نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔