
پنجاب حکومت کا سموگ کے تدارک کیلئے بڑا اقدام، جدید اینٹی سموگ گنز خرید لیں
پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کے لیے تیاری شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں جدید اینٹی سموگ گنز خرید لی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ 15 اینٹی سموگ گنز پر مشتمل دنیا کا پہلا تجرباتی ڈسٹ سسپنشن سسٹم لاہور پہنچ گیا ہے۔
یہ فوگ کینن باریک پانی کی دھند کا چھڑکاؤ کرکے ہوا میں موجود آلودگی کے ذرات کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اینٹی سموگ گنز کو ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک سے مربوط کیا جائے گا، جس کے بعد جس علاقے میں آلودگی کی سطح بڑھے گی، یہ مشینیں خودکار طور پر فعال ہو جائیں گی۔
یہ جدید نظام سیٹلائٹ ڈیٹا اور ڈرونز پر مبنی ٹریکنگ سسٹم سے بھی منسلک ہے، جسے ماحولیاتی تحفظ اور نفاذ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور جدید ترین ہوتا جا رہا ہے: آٹومیٹڈ ریپڈ بس (ART) لاہور پہنچ گئی
لاہور کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں جنوبی ایشیا کی پہلی آٹومیٹڈ ریپڈ ٹرانزٹ (ART) بس لاہور پہنچ گئی ہے۔ یہ بس جدید "ٹریک لیس سسٹم" پر مبنی ہے اور ربڑ کے ٹائروں پر چلتی ہے، جس میں ایک وقت میں 300 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایکس پر بس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے عوام کے لیے ایک جدید، مؤثر اور ماحول دوست سفری سہولت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اے آر ٹی بس کا کینال روڈ پر جلد ٹیسٹ رن کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ چین میں پنجاب کے لیے 1100 الیکٹرک بسیں تیار کی جا رہی ہیں، جن میں سے 240 بسوں پر مشتمل پہلا بیڑا 22 اگست کو پاکستان پہنچے گا۔ یہ بسیں ان اضلاع میں چلائی جائیں گی جہاں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں ہے۔ ان کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا اور ان میں اے سی، سی سی ٹی وی کیمرے، اور معذور افراد کے لیے وہیل چیئر ریمپ جیسی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔

ایف آئی اے کا کرپٹ افسران کیخلاف گھیرا تنگ، خوداحتسابی کا نیا نظام متعارف
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ادارے میں موجود کرپٹ افسران کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے خود احتسابی کا ایک نیا اور مؤثر نظام متعارف کروا دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن ونگ میں "ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی" قائم کیا گیا ہے۔
اس نظام کے تحت ایف آئی اے افسران کی کارکردگی کی سخت نگرانی کی جائے گی اور نیا ڈائریکٹوریٹ بدعنوانی کے خلاف خودمختار انکوائریاں کر سکے گا۔ یہ ونگ دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر بھی انکوائری کا اختیار رکھے گا۔ زونل ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈی جی بھی احتساب کے لیے بااختیار ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ایف آئی اے میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور احتساب کے کلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔