
چوہنگ: شوہر کے سامنے بیوی سے زیادتی کا چوتھا ملزم بھی پولیس مقابلے میں ہلاک
چوہنگ میں شوہر کے سامنے بیوی سے اجتماعی زیادتی میں ملوث چوتھا مرکزی ملزم عمران بھی قصور میں پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا۔
سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تھانہ صدر فقیرے والا بائی پاس پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عمران نذیر شدید زخمی ہوا جو ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق، ملزم عمران گینگ ریپ، قتل اور اقدام قتل جیسے سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہے۔

اکبر چوک پل سے موٹر سائیکل گرنے سے خاتون جاں بحق، ایک شخص زخمی
لاہور کے علاقے اکبر چوک میں پل کے اوپر سے موٹر سائیکل بے قابو ہوکر نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
ریسکیو ٹیم نے فوری موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور اسے جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق، شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 313 افراد زخمی ہوئے۔

امیر بالاج قتل کیس: عدالت نے گوگی بٹ کی ضمانت منظور کرلی
ایڈیشنل سیشن جج اسد حفیظ کی عدالت نے امیر بالاج قتل کیس میں نامزد ملزم گوگی بٹ کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت نے گوگی بٹ کی ضمانت 16 اگست تک منظور کرتے ہوئے پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے کیس کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔ گوگی بٹ کو سخت سیکیورٹی میں سیشن عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔