
چیف جسٹس کے اقدامات پر حکومت کا یوٹرن، 500 روپے کورٹ فیس کا نوٹیفکیشن واپس
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس عالیہ نیلم کی کوششیں رنگ لے آئیں اور پنجاب حکومت نے فنانس بل 2024 میں ترمیم کرتے ہوئے 500 روپے کورٹ فیس کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
چیف جسٹس نے ملتان اور بہاولپور میں مصدقہ کاپی کی 500 روپے فیس ختم کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے کورٹ فیس 50 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دی تھی، جس پر وکلاء تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
وکلاء تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقات میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا، "کورٹ فیس میں اضافہ میری حلف برداری سے پہلے ہوا، میں جب سے آئی ہوں وکلاء کی ویلفیئر کے لیے کام کیا ہے۔ میں نے چیف سیکرٹری سے میٹنگ کی، میرے بارے میں بہت کچھ کہا گیا لیکن درگزر سے کام لیا۔"

نجی سکولز کا 5ویں اور 8ویں کے بورڈ امتحانات لازمی قرار دینے پر شدید تحفظات کا اظہار
نجی سکولز مالکان نے پنجاب حکومت کی جانب سے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کو لازمی قرار دینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے طلبہ کا وقت ضائع کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ان امتحانات کو نجی سکولز کے لیے لازمی کی بجائے اختیاری رکھا جائے۔ صدر قاضی نعیم انجم نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف تدریسی نظام متاثر ہوگا بلکہ نویں جماعت کی تیاری کے لیے پری کلاسز کے آغاز میں بھی تاخیر ہوگی۔
اجلاس میں معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ سمیت دیگر اہم تعلیمی شخصیات نے بھی شرکت کی اور حکومتی فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔