
بانی پی ٹی آئی کے بیٹے ویزا مانگیں گے تو دے دیا جائے گا: رانا ثناء اللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آنے کے لیے ویزا کی درخواست دیں گے تو انہیں ویزا فراہم کیا جائے گا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے، میں نے پہلے بھی کہا تھا۔ وہ چار سال وزیراعظم رہے تب بھی ان کے بیٹے نہیں آئے، یہاں تک کہ حلف برداری کی تقریب میں بھی شریک نہیں ہوئے۔" تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر بیٹے ملاقات کے لیے آنا چاہیں اور ویزا مانگیں تو حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔
رانا ثناء اللہ نے 14 اگست کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی یومِ آزادی پر نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتی ہے، اس لیے انتظامیہ سخت حفاظتی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے کوئی تخریبی پروگرام بنایا تو اسے حراست میں لیا جا سکتا ہے یا نظر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے حالیہ ملاقات پر وضاحت کی کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ تعزیتی ملاقات تھی۔ وزیراعظم کے کزن کے انتقال پر تعزیت کے لیے آئے تھے، تاہم جب سیاستدان مل بیٹھیں تو دیگر معاملات پر بھی ہلکی پھلکی بات چیت ہو ہی جاتی ہے۔