
الطاف حسین کی طبیعت پھر ناساز، ہسپتال منتقل کردیا گیا
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی و قائد الطاف حسین کی طبیعت ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات کے مطابق، جمعہ کے روز الطاف حسین کی طبیعت اچانک بگڑنے پر ایمبولینس کے ذریعے انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ میڈیکل ٹیم نے ان کی رہائش گاہ پر ابتدائی طبی معائنے کے بعد مزید ٹیسٹوں اور علاج کے لیے ہسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ یہ چند روز میں دوسرا موقع ہے جب انہیں صحت کے مسائل کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنان اور عوام سے الطاف حسین کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

اوپن اے آئی کا انقلابی قدم: اب چیٹ جی پی ٹی انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلے گا
مصنوعی ذہانت (AI) کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے ایک نیا اور انقلابی ماڈل متعارف کرایا ہے جو انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی کام کر سکے گا۔ اس پیشرفت سے اے آئی ٹیکنالوجی تک رسائی مزید آسان ہوجائے گی۔
چیٹ جی پی ٹی کی مالک کمپنی کے مطابق، gpt-oss-120b اور gpt-oss-20b نامی یہ جدید ماڈلز لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فونز جیسی ڈیوائسز پر براہِ راست چل سکیں گے، جس کے لیے بڑے ڈیٹا سینٹرز کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ ماڈلز صرف تحریری جوابات دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کا استعمال ماحول دوست بھی ہوگا۔
اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمن نے اسے اربوں ڈالر کی تحقیق کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا ماننا ہے کہ یہ دنیا کا بہترین اوپن ماڈل ہے، جسے دنیا بھر کے لیے دستیاب کرنے پر وہ بہت پُرجوش ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اے آئی سے مستفید ہوسکیں۔