
غازی آباد: بزرگ خاتون سے بالیاں نوچنے والا ملزم ساتھی سمیت ہلاک
لاہور کے علاقے غازی آباد میں چند روز قبل ایک 90 سالہ بزرگ خاتون پروین اختر سے سونے کی بالیاں نوچنے والا ملزم اپنے ساتھی سمیت مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق، سی سی ڈی ٹیم ایک اشتہاری کی گرفتاری کے لیے جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بزرگ خاتون سے بالیاں نوچنے والا ملزم بھی شامل ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی تھی۔

ٹیکسلا: ریلوے ٹریک پر کھیلتے ہوئے 3 بچے ٹرین کی زد میں آگئے، ایک جاں بحق
راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں واہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں تین بچے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق، بچے ریلوے ٹریک پر کھیل رہے تھے جب وہ ٹرین کی زد میں آئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ دو بچوں کو شدید زخمی حالت میں تشویشناک حالت میں واہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی، گھر سے بھاگے لڑکے کو والدین سے ملوا دیا
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھر سے ناراض ہو کر کراچی سے اسلام آباد جانے والے ایک لڑکے کو بحفاظت اس کے والدین سے ملوا دیا۔ موٹروے پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ لڑکا ایک بس میں سفر کر رہا ہے۔
ڈیوٹی آفیسر نے بس کو روک کر لڑکے کو اپنی حفاظتی تحویل میں لیا اور اس کے والد سے رابطہ کیا، جنہوں نے تصدیق کی کہ بیٹا کل سے لاپتہ ہے۔ قانونی کارروائی کے بعد لڑکے کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔