
ساندہ: دو گروپوں میں تصادم اور فائرنگ، 7 افراد شدید زخمی
لاہور کے علاقے ساندہ کی ڈوگر مارکیٹ میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
زخمی ہونے والوں کی شناخت عنصر، عدنان، شہزاد، نیاز، دانش، اعظم اور عدنان بشیر کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گاڑی گہرے پانی میں ڈوب جائے تو جان کیسے بچائیں؟ موٹروے پولیس کی اہم ہدایات
بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے ایک عوامی آگاہی ویڈیو جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر گاڑی گہرے پانی میں پھنس جائے تو اپنی جان کیسے بچائی جائے۔ ویڈیو میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے فوری طور پر گاڑی کی پچھلی نشست پر چلے جائیں کیونکہ پانی کا دباؤ دروازے نہیں کھلنے دیتا۔
ویڈیو میں مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنی سیٹ کا ہیڈ ریسٹ (Headrest) نکالیں اور اس کی دھاتی سلاخوں کی مدد سے پچھلی کھڑکی کا شیشہ کونے سے توڑ دیں، اس طرح آپ باآسانی گاڑی سے باہر نکل سکتے ہیں۔ یہ سادہ سی تدبیر قیمتی جان بچا سکتی ہے۔