صرف وہی خبر دکھاتے ہیں جو حقیقت پر مبنی ہو۔ چاہے بات ہو عطائی ڈاکٹروں کے ظلم کی، کرپشن کی یا کسی بے گناہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی — jhang.side ہر پہلو پر گہری نظر رکھتا ہے

ایف آئی اے کارروائی
ایف آئی اے کراچی کی کاروائی

ایف آئی اے کراچی کی کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم 37 لاکھ روپے سمیت گرفتار

رپورٹ: کرائم رپورٹر |پوائنٹ

کراچی: ایف آئی اے کراچی زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے شاہراہ فیصل پر کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم نوشاد عباس کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے قبضے سے 37 لاکھ 62 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق، گرفتار ملزم ڈالر کی غیر قانونی خریدوفروخت میں بھی ملوث ہے۔ ملزم سے حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی غیر قانونی خریدوفروخت سے متعلق شواہد، بشمول رسیدیں اور موبائل فون، برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انسانی اسمگلنگ
انسدادِ انسانی اسمگلنگ پر تقریب

عالمی یومِ انسدادِ انسانی اسمگلنگ: اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی تقریب، منظم جرم کے خاتمے کا عزم

رپورٹ: کرائم رپورٹر |

اسلام آباد: عالمی یومِ انسدادِ انسانی اسمگلنگ کے موقع پر اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی تقریب منعقد ہوئی جس کا موضوع تھا: "انسانی اسمگلنگ ایک منظم جرم ہے – استحصال کا خاتمہ کریں"۔ اس تقریب میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرم کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی، ڈی جی ایف آئی اے جناب رفعت مختار راجہ نے پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں شریک اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2018 کا قانون حکومت کے پختہ عزم کا مظہر ہے جو متاثرین کو مجرم نہیں بلکہ مظلوم سمجھتا ہے۔

مختلف بین الاقوامی تنظیموں بشمول یو این او ڈی سی، آئی او ایم، اور آئی ایل او کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور انسانی حقوق پر مبنی حکمت عملی، محفوظ ہجرت کے راستوں کی اہمیت اور متاثرین کی بحالی کے لیے مربوط نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (امیگریشن) ایف آئی اے، شکیل درانی نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف مزید تعاون، استعداد کار بڑھانے اور آگاہی مہم کو تیز کرنے پر زور دیا۔

ایف آئی اے اکیڈمی
ڈی جی ایف آئی اے کا خطاب

ڈی جی ایف آئی اے کا نئے انسپکٹرز سے خطاب: "قومی خدمت، دیانتداری اور فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں"

رپورٹ: کرائم رپورٹر | کیپیٹل نیوز پوائنٹ

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، رِفعت مختار راجہ نے ایف آئی اے اکیڈمی میں بنیادی تربیت حاصل کرنے والے نئے بھرتی شدہ انسپکٹرز سے خطاب کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے نو منتخب افسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے قومی خدمت، دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی جیسی اعلیٰ اقدار کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ جامع تربیتی پروگرام کا مقصد افسران کو جدید قانونی، تفتیشی اور آپریشنل صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں درپیش چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر افسران کو تلقین کی کہ وہ اپنے فرائض کو قومی امانت سمجھ کر ایمانداری، نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔

اسلام آباد پولیس
اسلام آباد پولیس شیردل سکواڈ

اسلام آباد پولیس کا شیردل اسکواڈ: شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے - ڈی آئی جی اسلام آباد

رپورٹ: کرائم رپورٹر |

اسلام آباد: ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کے ہمراہ شیردل سکواڈ کے افسران و جوانوں کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و عامہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے، کیونکہ شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کے ساتھ حسنِ اخلاق سے پیش آئیں، اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے ادا کریں اور امن و امان کی صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی گزارش کی کہ وہ اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر دیں۔

1.8M
5.2M
#ایف_آئی_اے
#اسلام_آباد_پولیس
#کراچی
#قانون_نافذ_کرنے_والے_ادارے
#انسانی_اسمگلنگ
#حوالہ_ہنڈی
#پاکستان

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !