
شکارپور: ریلوے ٹریک پر دھماکا، تین ایکسپریس ٹرینیں جیکب آباد اسٹیشن پر روک لی گئیں، مسافر پھنس گئے
ریلوے حکام کے مطابق آج صبح شکارپور میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ کوئٹہ سے آنے والی بولان میل، خوشحال ایکسپریس اور جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے، جس کے باعث مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

پانچ گھنٹے سے انتظار، بچے، بوڑھے اور بیمار شدید گرمی میں بے یار و مددگار
ٹرینیں گزشتہ پانچ گھنٹوں سے جیکب آباد ریلوے سٹیشن پر کھڑی ہیں، جس سے مسافروں بالخصوص بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کو شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا ہے۔ مسافروں نے شکوہ کیا کہ "ہمیں کسی نے نہیں بتایا کہ آگے ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا ہے ورنہ ہم سوار ہی نہ ہوتے۔ ہمارے ساتھ بچے، بوڑھے اور بیمار ہیں اور یہاں کوئی سہولت موجود نہیں۔"

"اگر ہمارے بیمار باپ کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیر ریلوے ہوں گے" - مسافروں کا شدید احتجاج
مشکلات میں گھرے مسافروں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر ٹرین سروس بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک مسافر نے کہا، "اگر ہمارے بیمار باپ کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیر ریلوے ہوں گے۔" مسافروں نے ریلوے انتظامیہ کی جانب سے معلومات کی عدم فراہمی پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

ٹرین سروس شکارپور میں ٹریک پر دھماکے کے باعث معطل ہوئی - ریلوے حکام
ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ٹرینوں کو شکارپور کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت روکا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی اور کلیئرنس کے بعد ٹرین سروس کو دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ تاہم، اس میں مزید کتنا وقت لگے گا، اس بارے میں کوئی حتمی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔