
شیخوپورہ، تقریب میں فائرنگ سے خواجہ سرا زخمی
ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں تقریب کے دوران گولی لگنے سے خواجہ سرا زخمی ہوگیا۔ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک تقریب جاری تھی جس میں خواجہ سرا پرفارم کر رہا تھا۔ تقریب میں ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی۔ اس دوران ایک گولی پرفارم کر رہے خواجہ سرا کو لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ خواجہ سرا کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کچا ڈکیٹ گینگ کے 5 کارندوں نے 100 جانوروں سمیت سرنڈر کردیا
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے مظفر گڑھ علی پور میں کارروائی کی جس میں کچا ڈکیٹ گینگ کے 5 کارندوں نے چھینے گئے 100جانوروں سمیت سرنڈر کردیا۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والوں میں قلندر بوسن، اللّٰہ نواز بوسن، شہزاد بوسن، فیض رسول بوسن، ساجد بوسن شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظفر گڑھ پولیس کے ساتھ ایک ہفتہ مقابلے کے بعد کچا گینگ نے ہتھیار ڈالے، ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں پر دہشتگردی، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔

لیاری گینگ وار: رحمٰن ڈکیت کا بیٹا گرفتار
کراچی کے علاقے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے لیاری گینگ وار کے سابق سرغنہ رحمٰن ڈکیت کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ساؤتھ زون پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے سرغنہ رحمٰن ڈکیت کے بیٹے سلطان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سلطان کے قبضے سے بڑی مقدار میں آئس اور کرسٹل برآمد ہوئی ہے۔

لانڈھی: فائرنگ سے خاتون زخمی، دوسرے واقعہ میں مبینہ خودکشی
لانڈھی اولڈ مظفرآباد کالونی کے گھرمیں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 27 سالہ عاصمہ زوجہ شیر خان شدید زخمی ہوگئی، پولیس کے مطابق، خاتون کو اس کے سوتیلے بیٹے علی نے فائرنگ کرکے زخمی کیا، ملزم موقع پرسے فرار ہو گیا۔ دریں اثنا لانڈھی شیرپاؤ لیبر کالونی کے گھر میں فائرنگ کے واقعے میں 80 سالہ نواب علی شاہ ولد رحمت علی شاہ جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق متوفی گھر میں سو رہا تھا کہ اچانک اٹھ کر اپنے آپ کو گولی مار کر مبینہ خودکشی کرلی۔

غیر قانونی مقیم 2 افغان باشندے گرفتار
سائٹ اے پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم دو افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق عصمت اللہ اور قاسم نامی افغان شہری غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

لاہور، مبینہ پولیس مقابلے میں زیرحراست ملزم ہلاک
لاہور کے علاقے شیراکوٹ میں سی سی ڈی اور پولیس سے مبینہ مقابلے میں ڈکیت اور وہیکل اسنیچر گینگ کا زیر حراست سرغنہ مارا گیا۔ سی سی ڈی کے مطابق پولیس کی ٹیم ملزم اللّٰہ دتہ کو ریکوری کے لیے تھانہ شیراکوٹ لے جا رہی تھی کہ اسکے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑوانے کے لیے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اللّٰہ دتہ ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کے ساتھی فرار ہوگئے۔

ایکسائز اسلام آباد نے گاڑی کی ملکیتی نمبر پلیٹس کا اجراء کردیا
محکمۂ ایکسائز اسلام آباد نے گاڑی کی ملکیتی نمبر پلیٹس کا اجراء کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسائز ڈپارٹمنٹ ٹرانسفر کی گئی گاڑی کو نیا نمبر جاری کرے گا۔ جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی کو جاری ہونے والا نمبر مالک سے مستقل منسلک ہو گا۔ گاڑی فروخت کرنے والا رجسٹریشن نمبر اسلام آباد ایکسائز کو جمع کرائے گا، مالک گاڑی کا نمبر ایک سال تک بلا استعمال اپنے نام رکھ سکے گا۔

قصبہ کالونی: محلے داروں کے جھگڑے میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی
کراچی کے علاقے قصبہ کالونی محمد پور چوکی کے قریب فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ محلے داروں کے درمیان ہونے والے پرانے جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ ملزم نے فائرنگ کر کے 2 محلے داروں کو زخمی کر دیا، جبکہ فائرنگ کی زد میں ایک راہ گیر بھی آ گیا۔ فائرنگ کا ملزم گھر کو تالا لگا کر اہلِ خانہ سمیت فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

کراچی، ڈکیتی میں مزاحمت و فائرنگ کے دیگر واقعات میں تین افراد زخمی
شہر میں ڈکیتی مزاحمت و فائرنگ کے دیگر واقعات میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاون نمبر 10 غوثیہ چوک کے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 28 سالہ اویس زبیری کو زخمی کردیا۔ الفلاح کے علاقے وائرلیس گیٹ کے قریب مسلح ڈاکووں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 37 سالہ فیضان الحق صدیقی کو زخمی کردیا۔ کلاکوٹ کے علاقے لیاری آٹھ چوک کے قریب فائرنگ سے 28 سالہ احمد زخمی ہوگیا۔

یو اے ای سے 5 مطلوب اشتہاری گرفتار کر کے پاکستان منتقل
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے 5 مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کردیا گیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے خلاف سی سی ڈی کا کامیاب آپریشن جاری ہے، اس دوران اسپیشل آپریشن سیل نے متحدہ عرب امارات سے 5 مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سی سی ڈی کو قتل اور مالی فراڈ کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

قائدآباد: ٹارگٹ کلنگ میں 26 سالہ شخص جاں بحق
کراچی کے علاقے قائدآباد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 26 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔ مقتول اسلم کے پاس اس وقت موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقد رقم موجود تھی، جس سے ابتدائی طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ممکنہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔ مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مون سون بارشیں: 24 گھنٹے میں 15 اموات، مجموعی تعداد 193 ہوگئی
مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے 17 جولائی تک کے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں کے سبب 15 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 8 بچے بھی شامل تھے، اس دوران 53 افراد زخمی ہوئے۔ مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 193 افراد جاں بحق، 544 زخمی ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 114 افراد جاں بحق ہوئے۔