وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں 25 فیصد تک کمی متوقع، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی
وزیر ٹرانسپورٹ نے رات گئے ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کرایوں میں فوری کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے نئے کرایوں کی لسٹ جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے جبکہ اس حوالے سے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق کرایوں میں 25 فیصد تک کمی متوقع ہے اور تمام آر ٹی ایز کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ دوسری جانب سیکرٹری آر ٹی لاہور رانا محسن مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے رابطے میں ہیں تاکہ کرایوں میں فوری کمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں اور حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور مزید ریلیف کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ عوام سے درخواست ہے کہ وہ زائد کرایہ وصول کرنے کی صورت میں متعلقہ حکام کو شکایت کریں۔
نئے کرایوں کا نفاذ فوری طور پر کیا جائے گا اور تمام ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ مقررہ کرایہ ہی وصول کریں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
