پنجاب میں کفایت شعاری کے تحت ہوٹلوں اور شادی ہالز کے اوقات کار میں کمی، الیکٹرک بسوں کی خریداری کو ترجیح دینے کی ہدایت
وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت کفایت شعاری اقدامات کی مانیٹرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس آج محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات صہیب احمد بھرت، صوبائی وزیر برائے آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سروسز، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ایج، سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سمیت مختلف محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری آئی اینڈ سی نے اجلاس کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے سبب خطے کی معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب کے کفایت شعاری اقدامات پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام سرکاری محکموں میں کفایت شعاری مہم کے تحت حکومت پنجاب کے اب تک کے احکامات کی پابندی کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں 6 اپریل کو مارکیٹوں، ہوٹلوں اور شادی ہالز کے اوقات کار میں کمی کے حوالے سے ایک مزید نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس پر عمل درآمد کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے کمیٹی کو محکمہ ایجوکیشن میں کفایت شعاری اقدامات اور طلباء و طالبات کے لیے ٹرانسپورٹیشن کی دستیاب سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جن میں طلباء کی اور بسوں کی تعداد شامل تھی۔
کمیٹی کے اراکین نے سرکاری محکموں میں کفایت شعاری اقدامات پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹریز سکول اور ہائر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ مستقبل میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں طلباء کی آمد و رفت کے لیے الیکٹرک بسوں کی خریداری کو ترجیح دی جائے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کی آمد و رفت کے لیے الیکٹرک وہیکلز کی خریداری فیول کے استعمال میں کمی کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے بھی سود مند ثابت ہو گی۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
