پی ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارش ریکارڈ کی گئی، منگلا 72، جہلم 40، مری 08، ملتان 4، بہاولپور3، لاہور اور شیخوپورہ 2، منڈی بہاؤالدین اور نارووال میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

سیالکوٹ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، ساہیوال، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا 10واں سپیل 9 ستمبر تک جاری رہے گا، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔

نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، میانوالی ،ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 9 ستمبر تک ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے،صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

دریائے چناب راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران الرٹ ہیں۔