
مناواں میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
صوبائی دارالحکومت کے علاقے مناواں میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیالکوٹ موٹروے پراہلکار تن پیر دربار کے قریب ناکہ پر موجود تھے کہ 2 موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی اور بھاگنے کی کوشش کی۔
پولیس نے اپنے آپ کو محفوظ رکھتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا،فائرنگ رکنے پر ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ہے، پتہ چلا کہ گرفتار ملزم اपنے ہی ساتھی ڈاکو کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔
گرفتار زخمی ڈاکو چوری، جھپٹا، منشیات فروشی کے 10 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا ہے، دوسرا ڈاکو فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔

وحدت کالونی میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا
وحدت کالونی میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے متوفی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں موٹرسائیکل سوار علی سلمان موقع پر جاں بحق ہو گیا، مقامی افراد نے کار سوار کو پکڑ لیا جبکہ پولیس بھی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، مقدمہ درج کر کے گاڑی قبضہ میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

6 سال قبل جنات کے ہاتھوں اغوا ہونے والی خاتون کو بازیاب کرنے کے لیے خصوصی ٹیم
صوبائی دارالحکومت میں پولیس نے 6 سال قبل مبینہ طور پر جنات کے ہاتھوں اغوا ہونے والی خاتون کو بازیاب کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق لاہور کے نواحی علاقےکاہنہ میں 6 سال قبل 2 بچوں کی ماں فوزیہ کو مبینہ طورپر جنات نے اغوا کرلیا تھا جسے ٹریس کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان حیدرکریں گے، ٹیم میں ایس ایس پی عاصم کمبوہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن محمد ایاز، ڈی ایس پی سپیشل برانچ، ڈی ایس پی سیف سٹی، ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر، ڈی ایس پی عثمان حیدر اور انسپکٹر زاہد سلیم شامل ہیں۔