
ڈی پی او جھنگ کی تھانہ وریام میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل پر فوری کارروائی کے احکامات
جھنگ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تھانہ وریام میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او نے تمام شکایات کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے لیے سخت احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ وریام سمیت تمام تفتیشی افسران بھی موجود تھے۔
ڈی پی او نے تھانہ وریام کی حدود میں گشت کو مزید مؤثر بنانے اور ٹھیکری پہرہ کو فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منشیات کے ناسور پر بات کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے احکامات دیے۔
ڈی پی او بلال افتخار کیانی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ایک پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔