اردو نیوز لائیو: جھنگ، لاہور، کراچی اور پاکستان بھر کی اہم بریکنگ نیوز,jhang.site

بریکنگ نیوز
قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ

قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ اور دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع: جیو نیوز اردو

پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ قلات کے قریب فائرنگ کی گئی ہے جس کے باعث متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بتایاکہ دہشت گردوں کے حملے میں 3 مسافرجاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں دو مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کوڈی ایچ کیواسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ سکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، سرچ آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کررہی ہیں۔

بریکنگ نیوز
پنجاب میں نئی منسٹری تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب میں اشیا کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے نئی منسٹری تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع: جیو نیوز اردو

پرائس کنٹرول کونسل کے اختیارات میں تبدیلی کیلئے پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز (ترمیمی) بل 2025 بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی پیش بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 میں ترامیم کی جائیں گی، پرائس کنٹرول کونسل کی صدارت منسٹر پرائس کنٹرول یا وزیراعلیٰ کے نامزد کردہ عوامی نمائندے کے پاس ہو گی۔

بل کے متن کے مطابق کونسل میں لائیو اسٹاک، زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب سہولت بازاروں کے سربراہان شامل ہوں گے، کونسل میں ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کی تعداد 3-3 مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترمیمی بل پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، کمیٹی دو ماہ تک ایوان میں رپورٹ پیش کرے گی۔

حکومتی ذرائع کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ اس وزارت کو وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے پاس رکھیں گی۔

بریکنگ نیوز
کے فور منصوبے میں بے ضابطگیاں

کراچی کو پانی فراہم کرنے کے منصوبے کے فور میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع: جیو نیوز اردو

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی 2022-23 کی رپورٹ میں کے فور منصوبے میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پمپنگ اسٹیشن کے لیے 5 سے 7 ارب روپے سے زائد کے 2 ٹھیکے دیے گئے، ایک ٹھیکا نجی کمپنی کو 15 ارب 39 کروڑ روپےکی لاگت پر دیا گیا، ٹھیکے کا تخمینہ 10 ارب 24 کروڑ روپے تھا۔

آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ؤنجی کمپنی کو دوسرا ٹھیکا 15 ارب 84 کروڑ روپے میں دیا گیا جبکہ ٹھیکے کا تخمینہ 8 ارب 94 کروڑ روپے تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں بولیوں کی قیمتیں انجینئر کی تخمینہ لاگت، پی سی ون منظوری سے زیادہ تھیں، بولیوں کو مسترد کیا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، ٹھیکے غیر منصفانہ، بلاجواز تھے، پیپرا رولز کے تحت مسترد کیے جانے چاہیے تھے۔

بریکنگ نیوز
بزرگ شہری ڈوب کر جاں بحق

بہاولپور کے چنی گوٹھ میں نہر میں شرط لگا کر تیراکی کا مقابلہ کرتے ہوئے بزرگ شہری ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع: جیو نیوز اردو

ریسکیو کے مطابق 2 بزرگوں کے درمیان عباسیہ کینال میں تیراکی کی شرط لگی تھی۔ ایک بزرگ شخص نہرکے درمیان میں پہنچ کر ڈوب گیا جس کی لاش نکال لی گئی۔

ریسکیو کے مطابق دوسرا بزرگ شخص نہر کے آدھے راستے سے ہی لوٹ گیا۔ ڈوب کر جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 66 سال تھی۔

جاں بحق شخص کے بھتیجے نے الزام لگایا ہےکہ علاقہ مکینوں نے میرے بزرگ چچا کو نہر عبور کرنےکا جھانسہ دیا تھا، میرا چچا ڈوبتا رہا اور علاقہ مکین نہرکنارےکھڑے دیکھتے رہے۔

بریکنگ نیوز
رینجرز اہلکار کا پروفیسر پر تشدد

کچرے میں آگ لگانے سے منع کرنے پر رینجرز افسر کےگارڈ نے پروفیسرکو تھپڑ مارے: انجمن اساتذہ جامعہ کراچی

ذرائع: جیو نیوز اردو

کراچی: جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ نے پروفیسر آفاق احمد پر تشددکے واقعے پر کی مذمت کی ہے۔

انجمن اساتذہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی میں پروفیسرپررینجرز اہلکارکے تشددکا واقعہ 2 روز قبل ہوا جس میں رینجرز اہلکار کے تشدد سے پروفیسرکا چشمہ ٹوٹ گیا اور آنکھ میں زخم آیا۔

انجمن اساتذہ کے مطابق معاملہ اسٹاف کالونی میں رینجرز اہلکار کی جانب سے کچرے میں آگ لگانے پرپیش آیا، رینجرز اہلکار نے افسر کے جانوروں کو مچھروں سے بچانے کے لیےکچرے میں آگ لگائی جس پر پڑوسی پروفیسر آفاق احمد نے اہلکارکو کچرا جلانے سے روکا تھا۔

انجمن اساتذہ کا کہنا ہے کہ کچرے میں آگ لگانے سے منع کرنے پر رینجرز افسر کےگارڈ نے پروفیسرکو تھپڑ مارے۔

انجمن اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ دارافراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

4.5M
10.5M
#بریکنگ_نیوز
#پنجاب
#لاہور

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !