
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کیلئے 30 لاکھ ڈالر ہنگامی امداد کا اعلان
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 لاکھ ڈالر ہنگامی امداد کا اعلان کر دیاہے ، اے ڈی بی کے صدر ماسا تو کانڈا نے لاہور میں دریائے راوی کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیلئے 30 لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا ۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ فنڈز متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کی فوری بحالی کیلئے فراہم ہوں گے، ماساتو کانڈا نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے ، ملاقات میں سرمایہ کاری اوراصلاحات پر بات چیت کی گئی۔


ستلج، راوی اور چناب کے بعد بھارت نے دریائے جہلم میں بھی ایک بار پھر پانی چھوڑدیا
ستلج، راوی اور چناب کے بعد بھارت نے دریائے جہلم میں بھی ایک بار پھر پانی چھوڑدیا۔ پاکستان کے علاقہ میں جہلم دریا میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بھارت نے دریائے جہلم پر بنائے ہوئے اوڑی ڈیم کے سپیل وے کھول دیئے ہیں۔
ایس ڈی ایم اے نے آزاد کشمیر کے جہلم دریا کے نزدیک واقع تمام علاقوں کے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کی شام بتایا جا رہا ہے کہ جہلم دریا میں اوڑی ڈیم سے چھوڑے گئےسیلابی پانی کا بڑا ریلا دومیل مظفرآباد کے مقام سے گزر رہا ہے۔

پنجاب میں سیلاب سے 25 اموات، 9 اضلاع میں 14 لاکھ سے زائد افراد متاثر
پنجاب کے تینوں دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر جھنگ اور چنیوٹ کو بچانے کے لیے رواز برج کے قریب بند میں دھماکے سے شگاف ڈال دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 25 افراد جاں بحق ہوئے۔ 9 اضلاع میں 14 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔ 4 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق سیلاب سے پنجاب بھر میں ایک ہزار 839 موضع جات کو نقصان پہنچا۔ 34 لاکھ جانوروں کو بھی نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

سیلابی صورتحال کے باعث ملک میں مہنگائی بڑھنے لگی
سیلابی صورتحال کے باعث ملک میں مہنگائی بڑھنے لگی، گزشتہ ہفتے اٹھارہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں، ہفتہ وار شرح 0.62 فیصد اضافے کے ساتھ 3.57 فیصد تک جا پہنچی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر، گندم کا آٹا، زندہ برائلر چکن، آلو اور انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بیس کلو آٹے کا تھیلا 198 روپے مہنگا ہو کر اوسطاً 1829 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ ٹماٹر 18 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ 140 روپے سے تجاوز کر گئے۔