
راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے جل تھل، نالہ لئی میں طغیانی، فوج طلب
راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل کردیا۔ اب تک اسلام آباد میں 186 جبکہ راولپنڈی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوچکی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
موسمیاتی حالات کے پیش نظر، ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے علاقے گلشن اقبال دھمیال روڈ کے قریب ایک شخص برساتی نالے میں بہہ گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

کراچی: شادی میں ہوائی فائرنگ سے 12 سالہ بچی جاں بحق، دلہا اور والد گرفتار
کراچی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے 12 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے بعد پولیس نے دلہا اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔ سائٹ اے پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا کہ زینت گلزادہ بدھ کی رات اپنے گھر کے صحن میں سو رہی تھی جب ایک گولی ٹین کی چادر کو پھاڑتے ہوئے اس کے سینے میں گھس گئی، اور وہ ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

سانحہ سوات: 21 روز بعد لاپتا بچے کی لاش برآمد، سرچ آپریشن مکمل
27 جون کو دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں بہنے والے 17 افراد میں سے آخری لاپتا فرد، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بچے عبداللہ کی لاش 21 دن بعد برآمد کرلی گئی ہے۔ اس حادثے میں کل 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 4 کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 نے لاش قانونی کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردی ہے۔
واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ میں پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کے فقدان اور غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

خیرپور: گمبٹ کے قریب تیز رفتار مسافر وین الٹ گئی، 6 افراد جاں بحق، 16 زخمی
ضلع خیرپور کے قریب گمبٹ ٹاؤن میں سکھر سے سیہون جانے والی ایک تیز رفتار مسافر وین ٹائر پھٹ جانے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی: سی ٹی ڈی اور خفیہ ایجنسی کا مشترکہ آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 دہشتگرد ہلاک
کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ایک خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق حب ریور روڈ پر ہونے والے مقابلے کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، کلاشنکوف اور بارودی مواد برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر فراڈ، گروہ کے 3 ملزمان گرفتار
کراچی پولیس نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے نام پر فراڈ کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے متعدد شناختی کارڈ، موبائل فون اور ڈیوائس برآمد کرلی۔ ملزمان خود کو بی آئی ایس پی کے نمائندے ظاہر کرکے مستحقین سے شناختی کارڈ حاصل کرتے اور ان کی امدادی رقم میں ہزاروں روپے کی کٹوتی کرلیتے تھے۔

حافظ آباد: بارشی پانی کی نکاسی پر جھگڑا، فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، 8 زخمی
حافظ آباد میں جی ٹی روڈ پر کوٹ سرور کے علاقے میں بارشی پانی کی نکاسی کے معاملے پر دو دیہاتوں کے درمیان جھگڑا خونی تصادم میں بدل گیا۔ تنازعہ شدت اختیار کرنے پر دونوں اطراف سے شدید فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔

شکر گڑھ: نادرا دفتر میں شناختی کارڈ بنوانے آئی لڑکی سے زیادتی کی تصدیق
شکر گڑھ میں نادرا دفتر میں 20 سالہ لڑکی سے زیادتی کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق شناختی کارڈ بنوانے آئی لڑکی کو دو ملازمین عامر اور ساجد نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ دونوں ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ضمانت خارج کروا کر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

تحریک انصاف کا اے آر وائی نیوز کا ایک روز کیلئے بائیکاٹ
پاکستان تحریک انصاف نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا ایک روز کیلئے بائیکاٹ کردیا ہے۔ ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اے آر وائی نیوز نے بیرسٹر سیف پر دباؤ کے حوالے سے بے بنیاد خبر چلا کر عمران خان کی فیملی کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینل اپنی خبر پر معذرت کرے۔

پنجاب بھر میں نہانے اور تیراکی پر پابندی عائد، دفعہ 144 نافذ
پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمۂ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے اور بلا اجازت کشتی چلانے پر بھی 30 اگست تک پابندی ہوگی۔ یہ اقدام قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔